ملتان :ستھرا پنجاب مہم تیز، ڈپٹی کمشنر کا اچانک دورہ، ناقص صفائی پر افسران کی سرزنش

9

ملتان(6 مئی 2026 ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب مہم پر عملدرآمد تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر کا اچانک دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے سڑکوں، گلیوں اور سیوریج لائنز کی صفائی کا معائنہ کیا جبکہ صفائی عملے کی حاضری بھی چیک کی۔ انہوں نے فیلڈ میں موجود عملے سے براہ راست گفتگو کی اور موقع پر بریفنگ لی۔

ناقص صفائی پر متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے فوری بہتری کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل اداروں کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت بھی کی۔

محمد نعمان صدیق کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ستھرا پنجاب مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے کا بھی حکم دیا۔