ملتان 27 مئی )اے پی پی): چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان میں رہائش پذیر بچوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ بھرپور جوش و خروش سے منائی گئی۔
اس موقع پر بچوں کے لیے رنگا رنگ تفریحی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جہاں بچوں نے عید کی خوشیوں سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوتے ہوئے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
ترجمان چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق بچوں کی تفریح کے لیے خصوصی میوزک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جبکہ گول گپے، دہی بھلے، برگر، شوارما، آئسکریم اور دیگر کھانوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر، افسران اور عملے نے بچوں کے ساتھ عید منائی اور ان میں عید کی خوشیاں بانٹیں۔
تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ انچارج شفاعت ظفر نے بچوں کے ہمراہ عید کا خصوصی کیک بھی کاٹا۔ بچوں نے خوب ہلہ گلہ کیا، بھنگڑے ڈالے اور عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منایا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ ایسے پروگراموں کا مقصد بے سہارا اور مستحق بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا اور انہیں گھر جیسا ماحول فراہم کرنا ہے۔











