ملتان،6 مئی (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے شہباز شریف ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی، مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر تنزیل الرحمن نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا جبکہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے براہ راست ملاقات کرکے مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور انتظامی امور کو مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری روزانہ کی بنیاد پر چیک کی جائے گی تاکہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔











