مناسکِ حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفات ادا، لاکھوں عازمین میدانِ عرفات میں جمع، خطبۂ حج کا آغاز

7

میدانِ عرفات، 26 مئی ( اے پی پی): مناسکِ حج کے رکنِ اعظم ‘وقوفِ عرفات’ کے لیے دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں حجاج کرام میدانِ عرفات میں جمع ہو گئے، جہاں فضا “لبیک اللہم لبیک” کی روح پرور صداؤں سے گونج اٹھی ۔ اس مقدس موقع پر مسجد نبوی کے امام، الشیخ علی حذیفی نے خطبۂ حج کا آغاز کیا۔ جس کے اختتام پر حجاج کرام ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے۔

 زائرینِ حرم سورج غروب ہونے تک میدانِ عرفات میں قیام کے دوران خشوع و خضوع کے ساتھ مناجات، تسبیحات اور دعاؤں میں مشغول رہیں گے، جس کے بعد وہ غروبِ آفتاب کے ساتھ ہی وادیٔ مزدلفہ کی جانب روانہ ہوں گے جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرنے اور رمی کے لیے کنکریاں چننے کے بعد ۹ اور ۱۰ ذوالحجہ کی درمیانی شب کھلے آسمان تلے بسر کریں گے۔