بیجنگ، 26 مئی (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سخت محنت اور مسلسل کوششوں سے پاکستان میں ترقی کے لیے چین کا معاشی ماڈل اپنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت ان کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کے لیے چین کا معاشی ماڈل اپنانے کے لیے پرعزم ہے جبکہ چین کی ترقی، غربت اور بےروزگاری کے خلاف کامیاب جدوجہد دنیا کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی جڑیں انتہائی مضبوط ہیں اور دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس تاریخی تعلق کو مزید مستحکم بنائیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت ان کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے سات دہائیوں سے زائد عرصے میں خلوص اور لگن سے اس دوستی کو ناقابلِ مثال بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے انتھک محنت سے جنگ کی تباہ کاریوں سے نکل کر ترقی کی بلند ترین منزل حاصل کی، جو دنیا کے لیے غربت، بے روزگاری اور دیگر چیلنجز پر قابو پانے کی قابلِ تقلید مثال ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین تعلقات ایک ایسے بلند مقام پر پہنچ چکے ہیں جن کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ثابت قدمی سے ہی وہ کامیابیاں حاصل ہوتی ہیں جو چین نے حاصل کیں، جو آج عالمی معاشی اور فوجی طاقت بن چکا ہے۔
انہوں نے 2010ء کے سیلاب میں چین کی فوری امداد کو پاک چین دوستی کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت، ڈاکٹروں اور امدادی ٹیموں نے پاکستانی متاثرین کی بھرپور مدد کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین یکجان دو قالب ہیں اور دونوں ممالک کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکال کر عالمی معاشی و فوجی طاقت کا مقام حاصل کیا، جبکہ امن، سفارت کاری اور کثیرالجہتی تعاون کا ان کا وژن انہیں دنیا کے قابل احترام رہنماؤں میں شامل کرتا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ چین کی ترقی مسلسل محنت، قربانی اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہے جس نے معاشرے کو مکمل طور پر بدل دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی سخت محنت اور مسلسل کوششوں سے ایک دن چینی معاشی ماڈل جیسی کامیابی حاصل کرے گا۔
چین کے نائب صدر ہان زینگ نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر پاکستان کو مبارکباد دی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ اپریل 2015ء میں صدر شی جن پنگ نے پاکستان کا تاریخی دورہ کیا جس کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری تک وسعت دی گئی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے نیا خاکہ تیار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی حالیہ ملاقات نے پاک چین تعلقات کو نئی تزویراتی جہت دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان مشترکہ مستقبل سے جڑے قریبی دوست ہیں اور دونوں ممالک کے قائدین نے گزشتہ 75 برسوں میں اس روایتی دوستی کو مضبوط بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان باہمی احترام، اعتماد اور تعاون کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قراقرم ہائی وے سے لے کر سی پیک 2.0 تک دوطرفہ تعاون مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو عملی اور واضح فوائد پہنچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی تبدیلیوں کے موجودہ دور میں چین اور پاکستان کے لیے ایک ساتھ کھڑے رہنے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی، اسٹریٹجک روابط اور عملی تعاون کو مزید مضبوط بنا کر مشترکہ ترقی کے سفر کو آگے بڑھائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر دونوں ممالک چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے، اڑان پاکستان، سی پیک 2.0 اور بیلٹ اینڈ روڈ تعاون میں ہم آہنگی بڑھا کر عوامی فلاح کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چین کے نائب صدر ہان زینگ نے 75ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر ہان زینگ، پاکستان کے وفد کے ارکان اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔











