اسلام آباد، 4 مئی (اے پی پی): نائب وزیراعظم وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں ناروے کے نائب وزیر خارجہ مسٹر اینڈریاس موٹزفیلڈ کراوک سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے لیے مشغولیت اور بات چیت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں پر زور دیا۔
ناروے کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے تنازعات کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے جاری کوششوں کے لیے ناروے کی حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے راستے بھی تلاش کئے۔ مسٹر کراوک نے ناروے کے وزیر خارجہ کی جانب سے نائب وزیراعظم کو آئندہ ماہ ہونے والے اوسلو فورم میں شرکت کی دعوت دی، جس پر نائب وزیراعظم نے اظہار تشکر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور اور امن، استحکام اور ترقی سے متعلق معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔











