نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ایم-4 سیکٹر کے زیر اہتمام بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی گلانی لاء کالج میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد  

24

ملتان 5 مئی (اے پی پی): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ایم فور سیکٹر کی جانب سے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے گیلانی لاء کالج میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی کے حوالے سے خصوصی آگاہی فراہم کی گئی۔ سیمینار کے دوران شرکاء کو بتایا گیا کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال نہایت ضروری ہے جبکہ گاڑی چلاتے ہوئے سیٹ بیلٹ کا استعمال اپنی اور دوسروں کی زندگی کے تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، مزید برآں اوور اسپیڈنگ سے اجتناب، لین ڈسپلن کی پابندی اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کو محفوظ سفر کی ضمانت قرار دیا گیا۔

مزید برآں ایک روڈ سیفٹی اسٹال بھی قائم کیا گیا جس میں موٹروے پولیس کے جدید آلات (گیجٹس) کی نمائش کی گئی۔ افسران نے شرکاء کو ان آلات کے استعمال اور ان کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ موٹروے پولیس کس طرح جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شاہراہوں پر قوانین کی عملداری کو یقینی بناتی ہے۔

سیکٹر کمانڈر قلب عباس سپرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ و طالبات ہمارے معاشرے کے سفیر (Ambassadors) ہیں جو روڈ سیفٹی کا پیغام عام کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائے گی اور دوسروں تک بھی یہ پیغام پہنچائے گی۔

آخر میں شرکاء نے موٹروے پولیس کے اقدامات کو سراہا اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

سیمینار میں سیکٹر کمانڈر ایم فور قلب عباس سپرا، قائم مقام پرنسپل گیلانی لاء کالج ڈاکٹر فیض، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔