وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے فلسطین کے چیف جسٹس، گرینڈ مفتی اور سفیر کی ملاقات

14

اسلام آباد، 05 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے فلسطین کے اعلیٰ مذہبی وفد، قاضی القضا فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش اور مفتی اعظم الشیخ محمد احمد حسین نے منگل کے روز ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات، غزہ کی صورتحال اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار محمد یوسف نے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر بھی واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیل کے لیے قابل استعمال نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ میں جاری نسل کشی کو رکوانے کے لیے ہر ممکن سفارتی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے فورم پر متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے جبکہ غزہ میں اسرائیلی مظالم پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے۔ سردار محمد یوسف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ القدس فلسطین کا دارالحکومت ہو اور وہ وقت جلد آئے جب پاکستانی اور فلسطینی مسلمان مل کر مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں۔

اس موقع پر قاضی القضا فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا کہ انہیں ستمبر میں اپنے دورہ پاکستان کے دوران بے پناہ محبت ملی اور دوبارہ آمد دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطینی صدر آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ملاقات میں کوآرڈینیٹر وزیراعظم حافظ طاہر محمود اشرفی، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور پاکستان میں فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر محمد بھی شریک تھے۔