گلگت، 14 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان ترقی، استحکام اور قومی وقار کی نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے، جبکہ نوجوانوں کو جدید تعلیم، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) ہنزہ کیمپس میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی انتظامیہ، طلبہ و طالبات اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ پاکستان کا نوجوان جدید تعلیم، تحقیق، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں اور اختراعی سوچ سے آراستہ ہو تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم اسی وژن کا عملی مظہر ہے، جس کے ذریعے ذہین اور محنتی طلبہ کو جدید علمی وسائل تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی محنت، قابلیت اور شاندار تعلیمی کارکردگی کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور وفاقی حکومت انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی نوجوانوں پر مرکوز اقدامات کو آگے بڑھانے میں ان کی کاوشوں کو سراہا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں، دانش اسکولز، قابلِ تجدید توانائی منصوبوں، سیف سٹی پراجیکٹس، نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضہ اسکیموں اور جدید تعلیمی سہولیات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارتکاری، امن پسندی اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا میں ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر اپنا مثبت کردار اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قومی قیادت کے ساتھ کھڑی ہے۔وفاقی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لیپ ٹاپ کو علم، تحقیق، اختراع اور قومی خدمت کے مؤثر ذریعہ کے طور پر استعمال کریں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے میں کردار ادا کریں۔قبل ازیں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ہنزہ کیمپس آمد پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی انتظامیہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے اپنے دفتر میں وفاقی وزیر کو یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے ہنزہ کیمپس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا اور شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔











