رواں مالی سال میں آئی ٹی برآمدات 4.5 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع

12

اسلام آباد ،14مئی(اے پی پی):قومی اسمبلی کو آج آگاہ کیا گیا کہ رواں مالی سال میں آئی ٹی برآمدات 4.5 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔

وزیر اطلاعات و ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے سوالات کے وقفے میں بتایا کہ آئی ٹی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ چند برسوں میں ملک نے اپنی آئی ٹی برآمدات دوگنی کر لی ہیں۔ انہوں نے آئی ٹی سیکٹر میں انسانی وسائل کی ترقی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تفصیل بھی پیش کی۔

شزہ فاطمہ نے حالیہ سپیکٹرم نیلامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے 4 جی سروس بہتر ہوگی اور اگلے چند ماہ میں وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 5 جی سروس دستیاب ہوگی۔

وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بروقت موسمی پیش گوئی کے لیے جدید ترین نظام نصب کیا ہے۔ یہ پیش گوئیاں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں تاکہ موسمی شدت سے ہونے والے نقصانات کو روکا جا سکے۔

وزیر برائے غربت کے خاتمے و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام 1 کروڑ سے زائد خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

ایوان میں آج دو بل پیش کیے گئے: دی کیریج آف گڈز بائی سی بل 2026 اور دی سی کیریج شپنگ ڈاکیومنٹس بل 2026۔

اپوزیشن ارکان کے نکات کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے یو اے ای سے پاکستانیوں کی دیپورٹ کے تاثر کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یو اے ای سے بہترین تعلقات ہیں اور اس ماہ پاکستان کو سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جبکہ یو اے ای دوسرے نمبر پر رہا۔

پٹرولیم ڈویژن کے پارلیمانی سیکرٹری میاں خان بگٹی نے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہا کہ اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی عائد نہیں ہے۔ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی کوش کی ہے اور موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔ایوان کا اجلاس اب کل صبح 11 بجے ہوگا۔