وزیراعظم شہباز شریف ہانگژو کا دورہ مکمل کر کے بیجنگ پہنچ گئے

5

بیجنگ، 24 مئی  (اے پی):  وزیراعظم محمد شہباز شریف ژی جیانگ صوبے کے شہر ہانگژو میں سرکاری مصروفیات مکمل کرنے کے بعد آج بیجنگ پہنچ گئے۔

بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر چین کے وزیر برائے ماحولیات ہوانگ رون چیو نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ہانگژو میں وزیراعظم نے تیسرے پاک-چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت کی۔ کانفرنس میں چارجنگ انفراسٹرکچر، بیٹری انرجی اسٹوریج، سولر ٹیکنالوجیز اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے ژی جیانگ کی صوبائی قیادت اور اسٹار چارج، سی اے ٹی ایل اور ژیوزینگ فارماسیوٹیکل سمیت معروف چینی کمپنیوں کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے کے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے علی بابا ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ایگزیکٹو چیئرمین جو سائی نے ان کا استقبال کیا۔

بیجنگ میں قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف چین کے صدر شی جنپنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں کا مقصد پاکستان اور چین کی آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنا اور سی پیک فیز ٹو کے تحت تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔