کوئٹہ 19 مئی (اے پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور فیکلٹی و طالب علم افسران سے خطاب کیا۔
وزیراعظم نے ملکی خودمختاری کے تحفظ اور امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور مادر وطن کے دفاع میں مسلح افواج کے غیر متزل عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے معرکہ حق کا ذکر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی تاریخی فتح کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان نے ذمہ دارانہ رویہ اور کشیدگی پر قابو پایا، جس کے پختہ، متوازن اور منصفانہ مؤقف کو عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا۔ انہوں نے کسی بھی مہم جوئی کے خلاف ہر قیمت پر خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن غضب لِل حق افغانستان میں مقیم افغان طالبان کے دہشتگرد پراکسیز کے خلاف معصوم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور دہشتگردوں کی پناہ گاہوں اور معاون ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے پورے عزم کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
دوست ممالک کے طالب علم افسران کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے فوجی سفارتکاری اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان خطے اور اس سے آگے امن، استحکام اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر سامنے آیا ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء دفاع، داخلہ، اطلاعات اور وزیراعلیٰ بلوچستان بھی موجود تھے۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ آمد پر وزیراعظم کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کیا۔











