وفاقی وزیر احد چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ کی زیرصدارت اجلاس منعقد

13

اسلام آباد، 16 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر احد چیمہ اور مشیر وزیراعظم آفس ڈاکٹر توقیر شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

احد چیمہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ماسٹر پلان ایک قومی فریم ورک ہے اور اس کے کامیاب نفاذ کے لیے بین الصوبائی تعاون انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبے پر صوبوں سے مشاورت آئندہ بجٹ سے قبل مکمل کرلی جائے گی تاکہ نئے مالی سال کے لیے وسائل کی مؤثر منصوبہ بندی ممکن ہو سکے۔

‎انہوں نے کہا کہ توقع ہے صوبائی حکومتیں بروقت اپنی تجاویز وزارت آئی ٹی کو بھجوائیں گی۔ اجلاس میں نئے منصوبوں کے پی سی ون میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا کالم شامل کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

‎احد چیمہ نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل گورننس، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل معیشت سے سرمایہ کاری اور روزگار میں اضافہ ہوگا جبکہ ڈیجیٹل ماسٹر پلان کا سب سے زیادہ فائدہ عوام کو پہنچے گا۔

‎انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، ٹیکسیشن سمیت مختلف شعبوں میں عوامی خدمات کی فراہمی کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، جس سے انسانی مداخلت کم ہوگی اور عوامی امور میں آسانی پیدا ہوگی۔

‎احد چیمہ نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سرکاری سہولیات کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ای آفس سمیت مختلف ڈیجیٹل اقدامات کامیابی سے مکمل کیے گئے ہیں اور انشاء اللہ نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کو بھی کامیاب بنایا جائے گا۔

‎اجلاس میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔