اسلام آباد، 16 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی عرب پہنچ گئے جہاں انہوں نے مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد عمرہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے مسجد الحرام میں موجود پاکستانی عازمین حج سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر عازمین حج نے سرکاری حج اسکیم کے تحت کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔سردار محمد یوسف حج آپریشن کے دوران عازمین حج کے لیے مختص رہائش گاہ میں قیام کریں گے۔
وزیر مذہبی امور مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں جاری حج انتظامات کا جائزہ بھی لیں گے۔ اس دوران وہ سعودی ہم منصب سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کے دورے بھی کریں گے تاکہ پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔











