اسلام آباد ،13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں راول ڈیم کو نالوں کے گندے پانی سے بچانے کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں راول ڈیم میں گرنے والے نالوں پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس سے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد سے قبضہ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی دباو کے بغیر آپریشن کلین اپ اپنے منطقی نتائج کے حصول تک جاری رہے گا۔ محسن نقوی نے پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک پر ترقیاتی کام 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں کیپیٹل پولیس کالج کی اپگریڈیشن پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نئے کلاس رومز، میس اور زیر تربیت اہلکاروں کے لیے بیرکس تعمیر کیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور وفاقی وزیر داخلہ و وزیر مملکت کو منصوبوں پر مفصل بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کے لیے 3 بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے ڈیزائن جمع کرائے گئے ہیں اور ایولویشن کا عمل جاری ہے۔ قانونی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں اور جون کے آخری ہفتے میں کنونشن سنٹر پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں نئے تعمیر ہونے والے 11 تھانوں پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔











