ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے عالمی یومِ مزدور پر آگاہی ریلی کا انعقاد

10

ملتان 01 مئی(اے پی پی):   عالمی یومِ مزدور کے موقع پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیرِ اہتمام آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

 ریلی کی قیادت سی ای او ذوالفقار احمد نے کی، جس میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز، ستھرا پنجاب پروگرام کے اہلکاروں، سول سوسائٹی، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے مزدوروں کے حقوق، مناسب اجرت اور محفوظ کام کے ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔

 اس موقع پر سی ای او ذوالفقار احمد کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ورکرز کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور ادارہ اپنے محنت کش عملے کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ مزدور پر ہم اپنے “ستھرا پنجاب ہیروز” سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں، جن کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مزدوروں کے حق میں نعرے درج تھے اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

شرکاء نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مزدور دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔