ٹیکسلا میں ویساک ڈے 2026 کی مرکزی تقریب، عالمی امن اور ہم آہنگی کا پیغام

9

لاہور/ٹیکسلا، 2 مئی (اے پی پی): ٹیکسلا میں ویساک ڈے 2026 کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی شرکت کی، جبکہ وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کے دوران دھرمراجیکا اسٹوپا پر مذہبی رسومات ادا کی گئیں اور عالمی بھکشوؤں نے خصوصی دعاؤں کی قیادت کی۔ ٹیکسلا میوزیم میں ہونے والی تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور مندوبین نے شرکت کی، جبکہ امن کی گھنٹی بجانے اور سفید کبوتروں کو فضا میں چھوڑنے کی تقریب نے عالمی امن کا پیغام اجاگر کیا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر کہا کہ ویساک ڈے بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے انتہائی مقدس دن ہے اور اس کی تقریبات دنیا بھر میں امن، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا اور دھرمراجیکا اسٹوپا بدھ مت کے عظیم تاریخی ورثے کی روشن مثالیں ہیں اور پاکستان اس عالمی ورثے کا امین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں مذہبی ہم آہنگی اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ٹیکسلا کو عالمی سطح پر ہیریٹیج سٹی بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ تقریب میں سری لنکا، تھائی لینڈ، نیپال، میانمار اور ویتنام کے مندوبین اور ہائی کمشنرز کی شرکت نے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشترکہ ورثے کے اعتراف کو مزید تقویت دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ویساک کا پیغام دنیا میں امن، رواداری اور بقائے باہمی کے فروغ کا ضامن ہے۔