پاکستان آنے والے وقتوں تک ناقابلِ تسخیر رہے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

9

 

راولپنڈی، 10 مئی ( اے پی پی): چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر( نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت) نے کہا ہے کہ پاکستان کل بھی ناقابلِ تسخیر تھا اور انشاءاللہ آنے والے وقتوں تک ناقابلِ تسخیر رہے گا۔

معرکہ حق کی پہلی یادگاری تقریب سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکۂ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں اللّہ تعالیٰ کی رضا سے پاکستان، عوام اور مسلح افواج کو ایک بے مثال کامیابی ملی۔ معرکۂ حق دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن معرکہ تھا، جس میں حق فتحیاب اور باطل ہزیمت سے دوچار ہوا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق کے تمام شہداء اور غازیوں، بالخصوص شہید ہونے والی نہتی عورتوں، بوڑھوں اور معصوم بچوں کو پوری قوم اور افواج پاکستان کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کی قربانی کو امانت، اپنی طاقت کو ذمہ داری اور اپنی کامیابی کو خدائے بزرگ و برتر کا احسان سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور قومی قیادت کا پیغام ہے کہ ملکی خودمختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ الحمدللہ آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے۔ دشمن جان لے کہ پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطرناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر اور مستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی جس میں دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں، ڈرونز، سائبر اور آرٹیفشل انٹیلی جنس کا استعمال ہوگا۔ افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کر دیا گیا ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کا برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا ایک عظیم سنگِ میل ہے۔

انہوں نے پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور عوام، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام باہمت اور غیور اہلکاروں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے اور دہشت گردی کے خلاف  جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر محاذ پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔ ہماری منزل وہ مقام ہے جس کا خواب ہمارے اسلاف نے دیکھا تھا۔پاکستان کا سبز ہلالی پرچم امید کا استعارہ ہے اور اس کی مسلح افواج منظم اور ہر لمحہ تیار ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستانی قوم ہماری طاقت ہے اور ہم قوم کی قوت ہیں۔پاکستان کا مستقبل انشاء اللّہ بہت روشن اور تابناک ہے۔ جب حق اور باطل مقابل ہوں تو فتح ہمیشہ حق کا مقدر بنتی ہے۔