پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی دفاعی صلاحیت ثابت کی،  گورنر سندھ

13

کراچی۔ 06 مئی (اے پی پی):گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے ’’معرکہ حق‘‘ کو ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم اور بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دشمن کتنا بھی طاقتور ہو لیکن جو بھی پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچائے گا، یہ قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر مقابلہ کرے گی۔ ایک سال قبل بھارتی جارحیت کی اس کوشش کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دے کر دنیا پر ثابت کردیا کہ بھارت دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا ملک ہے۔اے پی پی کو خصوصی انٹرویو میں گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف نے  اپنی  فضائیہ اور بحریہ کیساتھ مل کر دشمن کو دندان شکن جواب دیا اور بھارت کو جنگ بند کرنے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی دفاعی صلاحیت کو ثابت کیا اور دشمن کے  جنگی طیاروں کو تباہ کردیا۔ اس معرکہ میں فتح کے بعد جنرل عاصم منیر کو عظیم کامیابی پر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی ہوئی اور سفارتی سطح پر پاکستان کا نام روشن ہوا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس معرکے کے بعد دنیا میں پاکستان کا نام اور پرچم سربلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکہ نے ثابت کردیا ہے کو اگر قوم متحد ہو جائے تو ہم ہر مصیبت پر قابو پا سکتے ہیں۔ سید نہال ہاشمی نے کہا کہ 2018 سے  2022 تک یہ کہا جارہا تھا کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہو گیا ہے اور ایسے مواقع آئے جب دنیا ہمارے ساتھ کھڑی نہیں تھی لیکن  پھر مئی 2025 کو بھارت نے جرات کی تو وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پیغام دیا کہ ہم دفاع کا حق رکھتے ہیں اور ہم نے سفارتی کوششیں تیز کیں اور تمام برادر ممالک خاص طور پر اسلامی ممالک اور مغرب کو پیغام دیا کہ ہم پر جارحیت ہوئی ہے۔ انہیں یہ پیغام دیا گیا ہم امن کے لئے کھڑے ہیں اور ہم دہشت گردی کا شکار بنتے رہے ہیں، ہمارے ملک میں بیرونی مداخلت سے دہشت گردی ہو رہی ہے اور دنیا نے اسے تسلیم کیا۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ مشرقی وسطی میں جنگ کو روکنے کے لئے کوششوں میں کامیابی حاصل کی اور دنیا نے ہماری بات تسلیم کی ہے اور برادر ملک سعودی عرب، ترکیہ، قطر، چین، روس، سپین، اٹلی، آذربائیجان ہمارے ساتھ کھڑے رہے اور  امریکا نے اعلان کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدرڈونلڈ  ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دلیر اور بہادر سپہ سالار قرار دینا ہمارے لئے اعزاز ہے۔ گورنر  سندھ نے کہا کہ نہ صرف دنیا کے حکمران بلکہ عالمی میڈیا نے بھی پاکستان کی تعریف کی  اور بھارتی میڈیا پر بھی ہماری بہترین خارجہ پالیسی کے چرچے ہو رہے ہیں۔ سید نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بہترین کامبینشن بنا ہے جو کہ امن، خوشحالی اور لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے ہے۔ پاکستان سفارتی محاذ پر دنیا کے امن پسند لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی قیادت وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر پر فخر ہے۔