وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان  سے امریکی ڈپٹی نمائندہ تجارت رک سوئٹزر کی ورچوئل ملاقات، تجارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

8

اسلام آباد ،06 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی ڈپٹی امریکی نمائندہ تجارترک سوئٹزر سے ورچوئل ملاقات ہوئی، جس میں پاک امریکا تجارتی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران امریکی نمائندہ تجارت رک سوئٹزر نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے عالمی تجارت میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار عالمی شراکت دار کے طور پر امن اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، اور امریکا کے ساتھ تجارت بڑھانے سمیت نئے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔

دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور ایک متوازن و باہمی فائدہ مند تجارتی فریم ورک کی تشکیل پر اتفاق کیا، جس سے پائیدار معاشی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ سیکرٹری تجارت جواد پال نے بتایا کہ تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں اور چند امور پر پیشرفت ابھی باقی ہے۔

ملاقات کے اختتام پر وزیر تجارت نے امریکی وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جبکہ دونوں جانب سے مثبت روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔