چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کا ضیاء مسجد مویشی منڈی کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

11

اسلام آباد، 25 مئی (اے پی پی):  چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے عید الاضحی کے موقع پر ضیاء مسجد کے مقام پر قائم عارضی مویشی منڈی کا دورہ کیا۔

دورے کے موقع پر ڈی سی اسلام آباد، چیف آفیسر ایم سی آئی سمیت دیگر سینئر افسران بھی ہمراہ تھے۔ چیئرمین سی ڈی اے کو متعلقہ افسران نے مویشی منڈی میں کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں، خریداروں اور بیوپاریوں کی سہولت کے لیے پینے کے صاف پانی کی وافر فراہمی، روشنی، واش روم، مفت پارکنگ، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق مویشی منڈی میں چھوٹے جانور کی فیس 3 ہزار اور بڑے جانور کی فیس 4 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں اور ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے گئے ہیں جہاں صفائی، پانی، واش روم سمیت دیگر شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ موصول ہونے والی شکایات کا بروقت ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور سکیورٹی و دیگر اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے انتظامیہ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کے ہمراہ ڈپلومیٹک انکلیو کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی، صفائی، روشنی، پارکنگ اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ گریڈیشن اور تزین و آرائش کے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔