اسلام آباد، 25 مئی ( اے پی پی): پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ملک کے تین بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں جن میں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور اور اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پروقار اور یادگار تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔
لاہور ایئرپورٹ پر منعقدہ تقریب میں چین کے نائب قونصل جنرل ‘کاؤ کے’ نے ایئرپورٹ مینیجر کے ہمراہ کیک کاٹا۔انہوں نے پاک چین دوستی کو آزمودہ اور وقت کی کسوٹی پر پورا اترنے والا قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری طرف، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس صادق الرحمٰن اور دیگر اعلیٰ حکام کی قیادت میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جبکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچرز کے بزنس کلاس ایریا کو پاک چین جھنڈوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا جہاں ائیرپورٹ مینیجر، سی ایس او اے ایس ایف اور دیگر سیکشنل ہیڈز کی موجودگی میں کیک کاٹنے، دستاویزی ویڈیوز اور دوستی کے گیتوں کی نمائش سمیت گروپ فوٹو سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقاریب دونوں برادر ممالک کے مابین 75 سالہ گہری اسٹریٹجک شراکت داری اور لازوال باہمی اعتماد کی آئینہ دار ہیں۔











