چین میں وزیر تجارت جام کمال خان کی اہم ملاقاتیں، سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے امکانات روشن

7

 

چانگژو، چین، 25 مئی (اے پی پی):  وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے سرکاری دورۂ چین کے دوران اہم کاروباری و صنعتی ملاقاتیں کیں، جن کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری اور دوطرفہ تجارت کے نئے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

وزیر تجارت نے آٹھ بڑی چینی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقاتوں میں ٹیکسٹائل، زراعت، کان کنی، ای کامرس اور فوڈ سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ٹیکسٹائل کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ زرعی شعبے میں معیاری بیجوں کی تیاری، زرعی پیداوار میں اضافے اور جدید زرعی تحقیق میں تعاون پر بھی مشاورت ہوئی۔

معدنیات کے شعبے میں پاکستانی تانبا، سیسہ، زنک اور دیگر معدنیات کی برآمدات بڑھانے اور چینی سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات پر مثبت پیش رفت سامنے آئی۔

دونوں ممالک نے ڈیجیٹل تجارت اور ای کامرس تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ پاکستانی برآمد کنندگان کو چینی مارکیٹ تک بہتر رسائی فراہم کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس کے علاوہ تل، زرعی اجناس، فوڈ مصنوعات، گوشت اور پولٹری کی چین کو برآمدات بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت کے اس دورۂ چین سے پاکستان اور چین کے درمیان  دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی رفتار ملنے کی توقع ہے۔