اسلام آباد،13 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کابل حکومت بھارت کی پراکسی بن چکی ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے گروہوں کی حمایت ترک کرنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت میں پاکستان سے براہ راست مقابلے کی ہمت نہیں رہی، اس لیے وہ کابل کو استعمال کرکے پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تفصیلی مذاکرات کیے، مگر یہ بے نتیجہ رہے۔، ترکی، قطر اور سعودی عرب کی معاونت سے افغانستان سے تین دور کی مذاکرات ہوئے، لیکن کابل حکومت اس بات کی یقین دہانی دینے کو تیار نہیں کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہی ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہم ایک صفحے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کابل کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف معاہدے کا خواہاں ہے، لیکن اگر کابل تعاون نہ کرے تو دہلی کو دیا جانے والا جواب کابل کو بھی دیا جائے گا۔











