آئندہ مالی سال کے لیے 3,675 ارب روپے کے قومی ترقیاتی اخراجات کی منظوری

4

اسلام آباد،12جون  (اے پی پی):قومی اقتصادی کونسل (این ای سی)نے مالی سال 27-2026 کے لیے 3,675 ارب روپے کے قومی ترقیاتی اخراجات  کی منظوری دے دی ہے جو مالیاتی دبائو کے باوجود ترقیاتی سرگرمیوں کو ترجیح دینے کے حکومتی عزم کا واضح اظہار ہے۔منظور شدہ ترقیاتی اخراجات میں وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے 1,000 ارب روپے، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگراموں (اے ڈی پیز) کے لیے 2,224 ارب روپے جبکہ سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 451 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔حکومت نے پی ایس ڈی پی 27 ۔  2026 کو محدود مالی وسائل اور مالیاتی نظم و ضبط کے تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا ہے تاہم اس میں اعلیٰ ترجیحی اور قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ترقیاتی پروگرام کو 13 ویں پانچ سالہ منصوبے، ’’اڑان پاکستان‘‘ اور فائیو ایز حکمت عملی کے اہداف سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے جن میں برآمدات، ڈیجیٹل پاکستان، ماحولیات، توانائی و انفراسٹرکچر اور مساوات و بااختیاری شامل ہیں۔ترقیاتی پروگرام کے تحت آئی ٹی انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، علاقائی روابط، توانائی اور آبی تحفظ کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام ملکی اور غیر ملکی وسائل کو متحرک کرنے کا ایک اہم عملی ذریعہ ہے جس کا مقصد معیشت کے مختلف شعبوں میں ترقی کو فروغ دینا ہے۔ یہ پروگرام قومی ترقیاتی فریم ورک کے تحت طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور 13 ویں پانچ سالہ منصوبے، ’’اڑان پاکستان‘‘ اور فائیو ایز حکمت عملی (برآمدات، ای پاکستان، ماحولیات، توانائی و انفراسٹرکچر اور مساوات و بااختیاری) کے مطابق متوازن، منصفانہ، جامع اور پائیدار ترقی کو یقینی بناتا ہے۔اس کے علاوہ اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بھی مناسب وسائل مختص کیے گئے ہیں تاکہ معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔حکومت نے معاشرے کے کمزور طبقات کی ترقی اور بااختیاری کے لیے دانش سکول پروگرام کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے لیے گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان علاقوں کے لیے بھی مناسب مالی وسائل مختص کیے گئے ہیں تاکہ ملک بھر میں متوازن اور جامع ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی قیادت میں تیار کیے گئے پی ایس ڈی پی 27 ۔  2026 کا مقصد پائیدار معاشی ترقی، روزگار کے مواقع میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کرنا ہے۔