آئی جی پنجاب کی زیرِ صدارت سیف سٹیز ہیڈکوارٹرز میں پہلی کمانڈ کانفرنس، محرم الحرام سکیورٹی اور سمارٹ آپریشنز کا جائزہ

14

لاہور، 14 جون (اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم کی زیرِ صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں پہلی کمانڈ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، جرائم کی روک تھام، لا اینڈ آرڈر اور سمارٹ سیف سٹیز آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں آئی جی پنجاب کو محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر QR پینک بٹن، ایمرجنسی رسپانس میکانزم اور جدید سکیورٹی فیچرز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کے تحت پنجاب بھر میں 4500 سے زائد امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ، ڈیجیٹل میپنگ اور QR کوڈ بیسڈ سکیورٹی سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سمارٹ سیف سٹیز آپریشن سینٹرز کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔

کانفرنس میں پنجاب بھر کے 43 آپریشنل سمارٹ سیف سٹیز سینٹرز کے منیجرز، ایس ایس پیز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی اور اپنے اضلاع میں سمارٹ سیف سٹیز اقدامات، آپریشنل صورتحال اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران، منیجرز اور ایس ایس پیز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ سمارٹ سیف سٹیز نیٹ ورک صوبے میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور مؤثر پولیسنگ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام اضلاع میں فول پروف سکیورٹی اور مؤثر مانیٹرنگ کے لیے سیف سٹیز ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال یقینی بنایا جائے۔

ایم ڈی سیف سٹیز محمد احسن یونس نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں، ڈیٹا اینالیٹکس اور انٹیلیجنٹ مانیٹرنگ کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔