وفاقی حکومت ملک کو معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، امیر مقام

18

چارسدہ،14 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمدشہبازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو چارسدہ اتمانزئی میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چارسدہ سے تعلق رکھنے والے معروف سیاسی و سماجی شخصیت طارق اعظم خان کے بھتیجے، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما و سابق ضلعی ناظم اعلیٰ فہد اعظم خان نے اپنے خاندان اور ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

وفاقی انجینئر امیر مقام نے پارٹی میں شمولیت پر ان کا شاندار خیرمقدم کیا۔ شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ فہد اعظم خان جیسے بااثر رہنماؤں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام اب ترقی اور خدمت کی سیاست پر اعتماد کر رہے ہیں۔   انجینئرامیر مقام نے کہا کہ موٹرویز اور بڑے ترقیاتی منصوبے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کی علامت ہیں ۔

 انجینئرامیر مقام نے وفاقی بجٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تیسرا بجٹ ہے جس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات اور جنگی ماحول کے باوجود حکومت نے ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ مسلم لیگ (ن) میں اس لیے شامل ہو رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ جماعت وعدوں کے بجائے عملی کام اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

خطاب کے دوران انجینئر امیر مقام نے “معرکۂ حق” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو صرف چار گھنٹوں میں شکست دے کر دنیاکے سامنے  اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی اور استحکام کے لیے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔