اسلام آباد، 15 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی زہرا ودود فاطمی نے بجٹ 2026-27 کی بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو اندرونی طور پر آبادی میں تیزی سے اضافے کے چیلنج کا سامنا ہے جس کے لیے فوری پالیسی اقدامات اور عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق خواتین کی بااختیاری اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق شعور میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مؤثر خارجہ پالیسی اور سفارتی کوششوں کے باعث پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا ہے اور ایران و امریکا کے درمیان معاہدے میں پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے صحت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے امراض خصوصاً ذیابیطس، ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی اور کینسر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تدارک کے لیے صحت کے بجٹ میں اضافہ اور مؤثر حکمت عملی ضروری ہے۔
زہرا ودود فاطمی نے کہا کہ یہ بیماریاں زیادہ تر قابلِ روک تھام ہیں مگر آگاہی کی کمی اور غیر محفوظ طریقہ کار کے باعث پھیل رہی ہیں، اس لیے اجتماعی کوشش اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ہوگا۔











