ملکی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے ،بجٹ میں تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، گلناز شہزادی

2

اسلام آباد، 15 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی گلناز شہزادی نے بجٹ 2026-27 پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس کے تحت پرائمری، مڈل اور سیکنڈری سطح پر طلبہ کے داخلوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تعلیم کے فروغ کے لیے 78.4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ وظائف اور لیپ ٹاپ سکیموں کو بھی جاری رکھا گیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے پر میاں محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو سفارتی اور قومی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔

گلناز شہزادی نے کہا کہ سیالکوٹ ملک کا اہم برآمدی صنعتی شہر ہے جو کھیلوں کے سامان، جراحی آلات، چمڑے کی مصنوعات اور ملبوسات کی صنعت میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ میں نالج سٹی، انجینئرنگ و ٹیکنالوجی یونیورسٹیوں، فنی تربیتی اداروں، ویٹرنری کالج اور تحقیق و جدت کے مراکز کے قیام کی تجویز دی تاکہ روزگار کے مواقع بڑھیں اور برآمدات میں اضافہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث سیالکوٹ میں ہر سال سیلابی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے نالہ ایک، پلکھو، بھیڈ اور ڈیک کے پانی کو مؤثر انداز میں منظم کرنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔