آزاد کشمیر کے شہریوں نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو انتشاری ایکشن کمیٹی قرار دے دیا، سخت کارروائی کا مطالبہ

3

مظفرآباد، 15 جون (اے پی پی ): آزاد کشمیر کے شہریوں نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے انتشاری ایکشن کمیٹی کا نام دے دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا گمراہ کن ایجنڈا تمام طبقات مسترد کر چکے ہیں اور اس کی شرپسندی سے دیہاڑی دار، مزدور، طالبعلم اور تاجر براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔

آزاد کشمیر کے عوام نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی انتشار پسندی اور لاقانونیت کی علامت بن کر سامنے آئی ہے۔ شہریوں کے مطابق کالعدم کمیٹی کی طرف سے زبردستی بازار بند کرانے کی دھمکیوں نے تاجروں اور عام شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کا دعویٰ کرنے والوں نے خود ہی غریبوں کا معاشی قتل عام شروع کر رکھا ہے۔ ان کے مطابق کالعدم کمیٹی کے غیر ذمہ دارانہ احتجاج سے سب سے زیادہ مزدوروں، ریڑھی بانوں اور چھوٹے دکانداروں کا نقصان ہو رہا ہے۔

شہریوں نے کہا کہ شرپسند کمیٹی کی غیر قانونی سرگرمیوں سے اس کا شر انگیز ایجنڈا سب پر واضح ہو چکا ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام نے واضح کیا کہ وہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزاد کشمیر میں امن و امان اور یکجہتی کے درپے شرپسند عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

شرپسند ایکشن کمیٹی کی غیر قانونی سرگرمیوں کی مذمت سے ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیری عوام ریاستی موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔