امریکا ایران امن معاہدہ عالمی امن  کے لئے تاریخی سنگِ میل  ہے ،  یہ امن اور مکالمے کی طاقت کی فتح  اور سفارتکاری کی کامیابی ہے؛وزیر اعظم شہباز شریف

4

اسلام آباد،15جون  (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نےامریکا اور ایران کے درمیان امن  معاہدے کو  عالمی امن  کے لئے  ایک تاریخی سنگِ میل  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ  اس تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب،  جمعہ 19 جون کو،  جنیوا میں  پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوگی ،یہ صرف دو ممالک کے درمیان ایک معاہدہ نہیں، بلکہ امن اور مکالمے کی طاقت کی فتح  اور سفارتکاری کی کامیابی ہے۔ اس امن معاہدے کے نتیجے میں عالمی معاشی استحکام کے ثمرات اپنی اجتماعی کاوش اور صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ہر پاکستانی تک پہنچائیں گے،اس جنگ کے شعلے بجھانے اور امن کے قیام کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے    غیر معمولی کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے امن معاہدہ طے پانے کے اعلان کے بعد  پیر کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بے پایاں فضل و کرم ہے کہ آج دنیا نے امن کا ایک تاریخی سنگِ میل عبور کیا ہے۔ جنگ کی تاریک رات کے بعد الحمداللہ امن کا سورج طلوع ہوگیا ہے، اور تین ماہ سولہ دن کی بے پناہ آزمائشوں کے بعد   امریکا اور ایران نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ  اس تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب،  جمعہ 19 جون کو،  جنیوا میں منعقد ہوگی۔  اِس تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے بڑھتے شعلوں کو روک کر امن کے قیام کے لئے ہماری مخلصانہ کاوشوں کو اللہ تعالی نے اپنی کمال مہربانی سے پذیرائی بخشی اور دُنیا میں پاکستان کو جو عزت اور وقار عطا فرمایا ہے، قومیں صدیوں اُس کی متلاشی رہتی ہیں۔  آج اللہ تعالیٰ نے پاکستان کے24 کروڑ عوام کو جو عزت عطا  کی ہے اسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

 انہوں نے   پاکستانی قوم سمیت پوری عالمی برادری  کو اس کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش  کرتے ہوئے کہا کہ میں ایوان زیریں  کے تمام اراکین(حکومتی ،اپوزیشن) کو بھی  مبارکباد پیش کرتا ہوں، میں اپنے لیڈر محمد نواز شریف کا بھی شکر گزار ہوں جن کی رہنمائی مجھے ہر وقت میسر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، پارٹی سربراہان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی بھر معاونت حاصل رہی ۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف دو ممالک کے درمیان معاہدہ نہیں بلکہ امن اور مکالمے کی طاقت کی فتح ہے،یہ  جنگ کی تباہ کاریوں  کے مقابلے میں سفارتکاری  کی کامیابی   ہے۔انہوں نے   ایوان  زیریں کی بھرپور تائید سے   امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ خامنائی، ایران کے صدر مسعود پزشکیان، اور امن کے اس عمل میں شریک ان کی ٹیمز کے تمام ارکان کو  دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش  کی ، جنہوں نے نہایت مشکل حالات میں تدبر، دانش اور صبر کا ہاتھ نہ چھوڑا جس کے نتیجے میں آج یہ عظیم دن نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو نصیب ہوا۔انہوں نے کہاکہ مذاکرات کے اس کٹھن  اور صبر آزما عمل میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے بھرپور تعاون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔جنہوں نے نہایت مثبت کردار ادا کیا۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان، ترکیہ کے صدر طیب ایردوان کی دور اندیشی قیادت  اور بھر پور تعاون کو تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم نے  پاکستان کے  عظیم دوست  چین  کے صدر شی جن پنگ کا  خصوصی شکریہ ادا  کیا جنہوں نے امن مذاکرات کو آگے بڑھانے میں قابل ِ قدر تعاون فراہم کیا اور پاکستان کے ساتھ بھرپورمشارت کی۔انہوں نے کہا کہ   اسی طرح دنیا کے بے شمار ممالک کا بھی اس تاریخ ساز دن کے موقع پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ اگر خلوص، استقامت  اور  دانشمندی کا  یہ  سفر  جاری نہ رہتا، تو شاید  دنیا میں امن کا خواب بکھر جاتا اور نجانے جنگ کے شعلے اور کتنی تباہی لے کر آتے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس مقصد کے لیے غیر معمولی کردار ادا کیا، جس پر مجھ سمیت  پوری  قوم  اُنہیں خراجِ تحسین،  پیش کرتی ہے۔وزیر اعظم نے    نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ  سینیٹر محمد اسحاق ڈار ، کو  بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی   جنہوں نے شبانہ روز محنت کے ذریعے امن کے اِس عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں بھرپورکردار ادا کیا۔انہوں نے  برادر ملک ایران کے حوالے سے،  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی   کی خدمات کو  بھی سراہا جنہوں نے اس دوران نہایت ذمہ داری کے ساتھ اہم امور سرانجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ وزارتِ خارجہ سمیت تمام اداروں کے قابل افسران بھی تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا۔یہ   سب پاکستان کا فخر ہیں ۔

وزیراعظم نے  وفاقی اور صوبائی قیادت، اور پوری پاکستانی قوم کو سلام پیش  کیا اور یقین دلایا کہ اس امن معاہدے کے نتیجے میں عالمی معاشی استحکام کے ثمرات اپنی اجتماعی کاوش اور صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ہر پاکستانی تک پہنچائیں گے۔