اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سفیر کی ملاقات، ایران-امریکا امن معاہدے پر پاکستان کے کردار کو خراج تحسین

3

اسلام آباد، 15 جون(اے پئی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ایران-امریکا امن معاہدے پر پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات میں ایران-امریکا امن معاہدے پر ایرانی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ہے جو  علاقائی و عالمی سطح پر امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

  ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے حصول میں پاکستان کی سیاسی، پارلیمانی، سفارتی اور عسکری قیادت کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عسکری قیادت کو کامیاب سفارتکاری پر مبارکباد دی اور کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام پاکستان کی پارلیمان، حکومت، عسکری قیادت اور عوام کی جانب سے مخلصانہ کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

ملاقات کے دوران پاک-ایران دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر ایرانی سفیر نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔