بجٹ مشکل حالات میں عوامی ریلیف فراہم کرنے کی کوشش ہے، صبا صادق

1

اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی صبا صادق نے بجٹ 2026-27 پر بحث کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات اور عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کے باوجود عوامی ریلیف پر مبنی متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور حکومتی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں اور قیادت نے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا ہے۔

صبا صادق نے کہا کہ بجٹ میں چھوٹے دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم، جائیداد کے شعبے میں ٹیکس ریلیف، خواتین کی صحت سے متعلق اشیا پر ٹیکس میں سہولت اور برآمدات کے فروغ کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مثبت فیصلے کیے ہیں۔

انہوں نے قومی ائیرلائن کی بحالی اور نجکاری کے عمل کو بھی اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ادارے کی کارکردگی بہتر ہوگی اور پاکستان کا تشخص عالمی سطح پر مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ قیادت ملک کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچائے گی۔