اسلام آباد، 15 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی ماہ جبین خان عباسی نے بجٹ 2026-27 پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود متوازن، جامع اور دوراندیش بجٹ پیش کیا ہے جو معاشی استحکام، ترقی اور عوامی خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا۔
انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی حکومت، مسلح افواج، شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے دفاعی اور سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کیں اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا۔
ماہ جبین خان عباسی نے کہا کہ بجٹ میں کمزور اور متوسط طبقے، کاروباری برادری، نوجوانوں، خواتین اور بیرون ملک پاکستانیوں سمیت مختلف طبقات کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے توانائی، ڈیجیٹل معیشت، ٹیکس اصلاحات، زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں حکومتی اقدامات کو سراہا۔
جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے بہاولپور، حاصل پور اور خیرپور ٹامیوالی کے عوام کی جانب سے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم سے بہاولپور کے لیے موٹروے منصوبے کی منظوری کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کی ترقی، رابطوں اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔











