رکن قومی اسمبلی فتح اللہ خان میاں خیل کا نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع اور تعلیم کی بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور

0

 

اسلام آباد،15 جون(اے پی پی ):رکن قومی اسمبلی فتح اللہ خان میاں خیل نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع اور تعلیم کی بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے لیے روزگار اور تعلیمی مواقع میں بہتری کے ذریعے اس اثاثے کو ملک کی ترقی کے لیے زیادہ بہتر اور مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

 قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 27-2026 کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی،  بجلی ،پانی اور گیس وغیرہ کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت سے ان کے حل کے لیے اقدامات کی سفارش کی ہے۔انہوں نے ڈیرا اسماعیل خان میں ایک اعلیٰ معیار کے ہسپتال کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے کے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں گی اور انہیں علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

رکن قومی اسمبلی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور دفاعی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت تشخص ابھرا ہے اور ملک کو ایک مضبوط ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل عالمی حالات  کے دوران پاکستان نے مؤثر سفارت کاری کے ذریعے اپنا مثبت کردار ادا کیا، جسے عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام کے لیے باعثِ فخر ہیں۔