اسلام آباد، 15 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول نے بجٹ 2026-27 پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام دوست بجٹ ہے جو صنعتکاروں، زرعی ماہرین، آئی ٹی ماہرین، اساتذہ، طلبہ اور دیگر متعلقہ حلقوں سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر اہم سفارتی کردار ادا کیا جس سے ملک کا وقار بلند ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے لاکھوں نوجوانوں میں سے بڑی تعداد روزگار یا کاروبار سے وابستہ ہو چکی ہے۔ رواں سال مزید ایک لاکھ 20 ہزار نوجوانوں کو جدید آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دینے کے لیے 5.29 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ فنی تربیت کے پروگراموں کے لیے 7.9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
آمنہ بتول نے کہا کہ پاکستان ایجوکیشن فنڈ کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ اعلیٰ تعلیم کا بجٹ بڑھا کر 46 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ہزاروں طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے جو نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے کاروبار اور زرعی قرضہ سکیم کے تحت 258 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ آئی ٹی برآمد کنندگان کے لیے ٹیکس سہولتوں میں 2029 تک توسیع کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں عالمی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ مایوسی نہیں بلکہ اعتماد کا بجٹ ہے جو نوجوانوں، تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور معیشت کی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔











