بجٹ کی تیاری میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور مالیاتی ٹیم نے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا، ڈاکٹر مہیش کمار ملانی

2

اسلام آباد، 14 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا ہے کہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی تیاری میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور مالیاتی ٹیم نے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے، جس کا اعتراف وفاقی وزیر خزانہ نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں کیا۔

ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ موجودہ بجٹ مشکل حالات میں پیش کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مثبت اقدامات  کیے گئے ہیں جن میں سپر ٹیکس کا خاتمہ اور بعض ٹیکسوں میں کمی شامل ہے، تاہم تنخواہ دار طبقے کو مزید ریلیف دیا جانا چاہیے تھا۔

انہوں نے گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی کامیابی پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کی ترقیاتی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اپنے حلقہ انتخاب تھرپارکر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر پاکستان کے لیے ایک بڑی نعمت ہیں اور وہاں سے پیدا ہونے والی 2600 میگاواٹ بجلی قومی نظام میں شامل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کا حصہ تھا جسے بعد میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عملی شکل دی گئی۔

رکن قومی اسمبلی نے سندھ میں پانی کی قلت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیریں سندھ کے اضلاع بدین، سانگھڑ، میرپورخاص، ٹھٹھہ اور سجاول پانی کی شدید کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ارسا سے مطالبہ کیا کہ صوبوں کو ان کا حصہ فراہم کیا جائے۔

انہوں نے مٹھی ریڈیو اسٹیشن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقے میں واقع اس اسٹیشن کی نشریاتی صلاحیت بڑھائی جانی چاہیے تاکہ قومی پیغام مؤثر انداز میں عوام تک پہنچ سکے۔