اسلام آباد،14جون (اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزماں نے کہا ہے کہ پالیسیوں کا تسلسل کسی بھی نظام کی کامیابی اور عوامی اعتماد کا مظہر ہوتا ہے، اس لیے اسے ہر صورت یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اپنے حلقے میں پینے کے صاف پانی کے مسائل کو اجاگر کیا اور کہا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کی صحت اور زندگی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دنوں میں ان کے حلقے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو وہاں خصوصی ریلیف سینٹر قائم کرنے چاہئیں تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
مخدوم جمیل الزماں نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کی بھی سفارش کی اور کہا کہ حکومت کو اس حوالے سے خصوصی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ بے روزگاری میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کراچی اور سکھر سمیت ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر سہولیات کی بہتری پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان ایئرپورٹس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید اور بہتر سہولیات سے آراستہ کیا جانا چاہیے تاکہ مسافروں کو زیادہ بہتر سہولتیں میسر آ سکیں۔











