اسلام آباد،15 جون(اے پی پی): رکنِ قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔
بجٹ 2026-27 کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انجم عقیل خان نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں پیش کیا گیا یہ بجٹ حکومت کی جانب سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود حکومت نے عوامی مشکلات میں کمی لانے اور مختلف شعبوں کو سہارا دینے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ صرف ایک مالیاتی دستاویز نہیں بلکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بجٹ میں رکھی گئی پالیسیوں اور ترجیحات کی بنیاد پر آنے والے وقت میں ملک معاشی استحکام اور ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔
رکنِ قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کا محور عوامی فلاح، معاشی بحالی اور پاکستان کو ایک مضبوط ریاست کے طور پر آگے بڑھانا ہے، اور یہی وژن مستقبل میں قومی ترقی کی بنیاد بنے گا۔











