اسلام آباد،15 جون (اے پی پی): وزیراعظم کے وژن کے مطابق نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) کو ایک مؤثر، مضبوط اور جدید ادارہ بنانے کے لئے نیشنل ٹیرف کمیشن اور پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے درمیان این ٹی سی کے عمل کو خودکار اور ڈیجیٹل بنانے کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
معاہدے پر چیئرمین نیشنل ٹیرف کمیشن ڈاکٹر جواد اویس آغا اور پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے دستخط کئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیراعظم کے تکنیکی مشیر ڈاکٹر محمد سعید، سیکریٹری تجارت جواد پال، ایف بی آر کے ممبر کسٹمز آپریشنز سید شکیل شاہ سمیت این ٹی سی اور پی ایس ڈبلیو کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی حالیہ پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن این ٹی سی کے اصلاحاتی ایجنڈے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور ڈیجیٹلائزڈ این ٹی سی تیز رفتار اقتصادی ترقی کے فروغ اور پاکستان کے تجارتی تحفظ کے نظام کو عالمی بہترین طریقہ کار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ناگزیر ہے۔
معاہدے کے تحت ٹیرف اور تجارتی پالیسی کے تجزیے، ٹیرف ریشنلائزیشن، ڈیٹا شیئرنگ اور اینٹی ڈمپنگ، کاؤنٹر ویلنگ اور سیف گارڈ اقدامات سے متعلق معاملات میں کارروائی کے دورانیہ کو کم کرنے کیلئے این ٹی سی کے عمل کو خودکار اور ڈیجیٹل بنایا جائے گا۔
چیئرمین این ٹی سی ڈاکٹر جواد اویس آغا نے کہا کہ یہ معاہدہ صرف نئے سافٹ ویئر کا نہیں بلکہ ادارہ جاتی ارتقا کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے تحقیقات کی استعداد میں بہتری، شفافیت اور پیش گوئی پر مبنی تجارتی نظام کو فروغ ملے گا اور پاکستان کے تجارتی ماحول کی مسابقت میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے کہا کہ این ٹی سی کے اہم ٹیرف امور کو پی ایس ڈبلیو کے ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے سے ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور حقیقی وقت پر مبنی مشترکہ تجارتی ڈیٹا کے ذریعے این ٹی سی کی تبدیلی کے عمل کو تقویت ملے گی۔
معاہدہ دونوں اداروں کے اس مشترکہ عزم کا مظہر ہے کہ شفاف، قابل پیش گوئی اور ترقی پر مبنی تجارتی و ٹیرف نظام کے ذریعے ملکی صنعتوں کی مسابقت کو مزید فروغ دیا جائے۔











