اسلام آباد، 11جون (اے پی پی):عالمی جریدہ رائٹرز کے مطابق بحیرہ عمان میں امریکی افواج نے ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر بھارتی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا ہے۔ حملے میں 2 بھارتی اہلکار ہلاک اور 3 لاپتہ ہو گئے۔
رائٹرز کے مطابق امریکی فورسز نے بار بار وارننگ نظر انداز کرنے پر بھارتی جہاز کے انجن روم پر پریسجن گائیڈڈ ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ جہاز نے امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران سے تیل منتقل کرنے کی کوشش کی۔
حملے کے بعد آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ رائٹرز کے مطابق 28 افراد کے عملے میں سے 24 بھارتی شہری تھے جن میں سے 3 لاپتہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی فضائیہ کے حملے میں 2 بھارتی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق بھارت نے بحیرہ عمان میں آئل ٹینکر پر حملے کے معاملے پر امریکی مشن کے نائب سربراہ کو طلب کر لیا ہے۔ بھارت نے حملے کے خلاف باضابطہ طور پر اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکا کے براہ راست حملے کے باوجود بھارت اپنی کمزور خارجہ پالیسی کے باعث کسی بڑی کارروائی کی پوزیشن میں نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ گہرے تزویراتی تعلقات کے دعوے دار بھارت کے لیے یہ واقعہ ایک بڑا دھچکا ہے۔











