اسلام آباد، 17 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی محمد بلال بدر چوہدری نے بجٹ کو ملکی وسائل کے مطابق متوازن قرار دیتے ہوئے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں تیزی سے بڑھتی آبادی اور منشیات دو بڑے چیلنج ہیں جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مصنوعی منشیات کے بڑھتے استعمال کو جرائم میں اضافے کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف مؤثر قانون سازی کا مطالبہ کیا۔
بلال بدر چوہدری نے پنجاب حکومت کے مختلف فلاحی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں کو بھی عوامی فلاح اور امن و امان کے قیام کیلئے ایسے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے اپنی تحصیل جڑانوالہ کو ضلع کا درجہ دینے، ایک یونیورسٹی اور جدید ہسپتال کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے کسانوں کو فصلوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے اور تمام سیاسی قوتوں پر قومی ترقی اور معاشی استحکام کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنے پر زور دیا۔











