بلوچستان کو سماجی تحفظ پروگراموں میں خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے، عمران احمد شاہ

4

اسلام آباد، 22 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کمزور طبقات، خواتین، نوجوانوں، یتیموں اور مستحق افراد کی معاونت کے لیے مختلف پروگراموں پر عمل پیرا ہے جبکہ بلوچستان کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔

قومی اسمبلی میں وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ سے متعلق کٹوتی کی تحریکوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل والٹ متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے مستحقین کو براہ راست ادائیگیاں ممکن ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر ہنرمند پروگرام کے تحت 40 ہزار افراد کو فنی تربیت دی جا رہی ہے جبکہ پاکستان بیت المال کے مراکز کے ذریعے خواتین کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 157 اضلاع میں ایک ہزار سے زائد رجسٹریشن مراکز قائم ہیں جن میں 160 بلوچستان میں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لاکھوں بچوں کی تعلیم اور مستحق افراد کی معاونت جاری ہے اور حکومت غربت میں کمی کے لیے مختلف ترقیاتی پروگراموں پر عمل درآمد کر رہی ہے۔