اسلام آباد، 22 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف زرعی شعبے کو معیشت کی بحالی کے لیے ترجیحی شعبہ سمجھتے ہیں اور حکومت کسانوں کی معاونت، زرعی مشینری، جدید بیجوں، تحقیق، ذخیرہ گاہوں اور ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
قومی اسمبلی میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق سے متعلق کٹوتی کی تحریکوں پر بحث سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے زرعی شعبے میں مجموعی طور پر 200 ارب روپے خرچ کر رہے ہیں جبکہ زرعی مشینری پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کے لیے بغیر ضمانت قرضوں کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے اور غیر معیاری بیج کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 400 کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کیے گئے ہیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت ویلیو ایڈیشن، زیتون اور کھجور کی پیداوار، جدید تحقیق اور زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ برس زرعی شعبے میں مزید بہتری سامنے آئے گی۔











