حکومت ملک کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، احسن اقبال

16

اسلام آباد،01  جون  (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی (اے پی سی سی) کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے 1126 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کی تجویز دی گئی ہے، جس میں قومی اہمیت کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے شعبوں میں سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این-25 پاکستان ایکسپریس وے سمیت متعدد اہم منصوبوں کے لیے فنڈز تجویز کیے گئے ہیں تاکہ رابطوں، تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے بھی خاطر خواہ وسائل مختص کیے جا رہے ہیں تاکہ وہاں کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی کے لیے برآمدات میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی کا فروغ، زرعی شعبے کی بہتری اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور ہنر فراہم کرنا حکومت کا اہم مشن ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت متوازن اور پائیدار ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی، بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل اور اقتصادی مواقع میں اضافہ ملک کی ترقی کے لیے اہم اقدامات ہیں۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔