حکومت نے مؤثر اقدامات کے ذریعے معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا، احمد سلیم صدیقی

2

اسلام آباد، 14 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی احمد سلیم صدیقی نے کہا ہے کہ مالی سال 27-2026 کا بجٹ انتہائی مشکل معاشی حالات میں پیش کیا گیا ہے اور موجودہ حکومت نے مؤثر اقدامات کے ذریعے معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایک سال قبل ملک کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا تھا لیکن آج صورتحال بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فعال خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی سطح پر سفارتی کاوشوں سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

احمد سلیم صدیقی نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکسوں کے بجائے براہ راست ٹیکسوں پر توجہ دی جانی چاہیے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ قومی خزانے میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جو طبقات ٹیکس ادا نہیں کر رہے انہیں بھی ٹیکس نظام میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ ملک کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں پر انحصار کم کرنا پڑے۔

انہوں نے ایف بی آر میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جانا چاہیے اور کسی کو بھی بلاجواز استثنا نہیں ملنا چاہیے۔

کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو حقیقی اختیارات دینا ضروری ہے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 140 اے کو مزید مضبوط اور مستقل تحفظ فراہم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بااختیار بلدیاتی نظام ہی عوامی مسائل کے مؤثر حل کی ضمانت بن سکتا ہے۔

انہوں نے کراچی میں مال بردار ٹرکوں کی آمدورفت، ٹریفک حادثات اور انفراسٹرکچر کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بندرگاہ سے سامان کی ترسیل کے متبادل انتظامات کیے جائیں تاکہ شہر پر دباؤ کم ہو اور تجارتی سرگرمیاں مزید مؤثر بن سکیں۔

انہوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر آئینی اصلاحات اور قومی سطح پر سنجیدہ غور و فکر کی ضرورت ہے اور قومی اسمبلی کو اس حوالے سے فیصلہ سازی کا مؤثر اختیار دیا جانا چاہیے۔