کراچی، حیدرآباد اور سندھ کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، احسن اقبال

3

اسلام آباد،14جون (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں کی ترقی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اتوار کو قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر بحث کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی کے سوالات کے جواب میں احسن اقبال  نے کہا کہ حیدرآباد میں گزشتہ 75 برسوں کے دوران کوئی یونیورسٹی موجود نہیں تھی، تاہم موجودہ وفاقی حکومت نے خصوصی گرانٹ فراہم کرکے نوجوانوں کے لیے حیدرآباد میں یونیورسٹی قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھر۔حیدرآباد موٹروے منصوبہ 2021 تک مکمل ہو جانا چاہیے تھا، تاہم گزشتہ حکومت نے اس منصوبے کو منسوخ کر دیا تھا۔ موجودہ حکومت نے اس اہم منصوبے پر دوبارہ کام شروع کیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ تین سے چار سال میں سکھر۔حیدرآباد موٹروے مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایم نائن کی نئی الائنمنٹ پر بھی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت ڈیڑھ سو ارب روپے کی لاگت سے کے فور منصوبے پر کام کر رہی ہے اور واپڈا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دسمبر 2026 تک پانی کے فور منصوبے کے ذریعے کراچی تک پہنچا دیا جائے گا، جس کے بعد صوبائی حکومت اس کا انتظام دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔