حکومت نے مشکل معاشی حالات میں ایک متوازن بجٹ پیش کیا ہے، جس میں مختلف شعبوں اور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اظہر قیوم ناہرا

4

اسلام آباد، 17 جون )اے پی پی): رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات میں ایک متوازن بجٹ پیش کیا ہے، جس میں مختلف شعبوں اور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام پر بوجھ کم کرنے اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے سپر ٹیکس کے خاتمے اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔

بدھ کے روز  قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے اظہر قیوم ناہرا کا مزید کہنا تھا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسان اس کا اہم ترین ستون ہیں، اس لیے ان کے لیے مزید سہولتیں اور مراعات فراہم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کھاد پر سبسڈی دینے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کسانوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کی خوشحالی سے ہی ملک کی ترقی وابستہ ہے اور جب کسان خوشحال ہوگا تو پوری معیشت مضبوط ہوگی۔

انہوں نے تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں زمینداروں کے لیے سولر انرجی سے متعلق خصوصی پروگرام متعارف کرانے کی تجویز بھی دی تاکہ وہ کم لاگت کے ساتھ اپنی زرعی سرگرمیوں کو زیادہ مؤثر انداز میں جاری رکھ سکیں۔

اظہر قیوم ناہرا نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں امن کے سفیر کے طور پر ابھرا ہے، جو ملک کے لیے باعث فخر اور ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار نے نہ صرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ دنیا میں امن کے قیام کے لیے اس کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا، جس سے پاکستان کے وقار اور نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے۔