حکومت نے معرکۂ حق اور معرکۂ سفارت کاری میں کامیابیوں کے بعد اب معرکۂ معیشت جیتنے پر توجہ مرکوز کر دی ہے ، احسن اقبال

5

اسلام آباد، 30 جون: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات و ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے معرکۂ حق اور معرکۂ سفارت کاری میں کامیابیوں کے بعد اب معرکۂ معیشت جیتنے پر توجہ مرکوز کر دی ہے اور برآمدات کو قومی ترجیح بنایا جائے گا۔

منگل کو وزارتِ منصوبہ بندی کی ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں بیرونی چیلنجز کے باوجود ملکی معیشت نے استحکام کی جانب پیش رفت کی اور شرح نمو 3.7 فیصد رہی۔ ان کے مطابق زرعی، صنعتی اور خدمات کے شعبوں میں بہتری آئی جبکہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں بھی نمایاں بحالی دیکھی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے، برآمدات بڑھانے، ترسیلاتِ زر میں اضافے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے مالی سال میں بنیادی ڈھانچے، سماجی شعبے، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور خصوصی علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ بڑھتی آبادی، خواتین کی معاشی شمولیت، اعلیٰ تعلیم میں اصلاحات اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت بلوچستان کی ترقی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ اہم شاہراہوں، موٹرویز اور دیگر قومی منصوبوں پر بھی پیش رفت جاری رکھی جائے گی۔