اسلام آباد 18 جون(اے پی پی):قومی اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع راجہ اسامہ سرور نے کہا ہے کہ کامل اور حتمی اختیار صرف اللہ تعالیٰ کی ذات کو حاصل ہے جبکہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کو اس لیے ایوان میں بھیجتے ہیں تاکہ وہ ان کی خدمت کریں اور ان کے مسائل حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور ریاستی ادارے ملک کے مفاد میں اپنے فرائض انجام دینے کے لیے کوشاں ہیں۔
پارلیمانی سیکریٹری برائے دفاع راجہ اسامہ سرور نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اپنے علاقے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں عوام نے نسل در نسل ملک کی خدمت اور قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور دفاع کے لیے قوم متحد ہے اور یہ جذبہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب آئین پاکستان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو ملک کی باگ ڈور سونپی گئی تو پاکستان کو سفارتی اور معاشی چیلنجز کا سامنا تھا اور ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا تھا۔
پارلیمانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ایسے مشکل حالات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاست کو مقدم رکھنے کی پالیسی اختیار کی اور پاکستان کو دوبارہ عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر متعارف کرانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دراصل مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے وژن کا تسلسل ہے، جسے ماضی میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مسلح افواج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط عسکری قیادت میسر آئی جس نے قومی سلامتی کے تحفظ اور دشمن کے عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور ریاستی ادارے قومی ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایسے خطے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں پہاڑی علاقوں میں ہر گاؤں اور ہر قصبے کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں ماؤں نے اپنے بچوں کو اس پاک دھرتی کے دفاع اور سلامتی کے لیے قربان کیا ہے، اور یہ سلسلہ نسل در نسل جاری رہا ہے۔
راؤ اسامہ سرور نے کہا کہ وہ اپنے پہاڑی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں ان کے خاندان اور برادری نے گزشتہ تین نسلوں سے عوام کی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، دفاع اور قومی یکجہتی کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ہر سطح پر قربانی اور خدمت کا جذبہ برقرار رکھا جائے گا۔











